{جوزانی کا ساتھ دے اس کو مسجد سے بھگانا کیساہے؟}

0

{جوزانی کا ساتھ دے اس کو مسجد سے بھگانا کیساہے؟}

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہ
مسئلہ: ۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ ایک بستی میں ایک شخص کو زنا کے جرم میں کمیٹی سے نکال دیا گیا ایک ہفتہ بعد آ ٹھ دس اور لوگ اس زانی کے ساتھ ہو گئے اور آج بھی یہ لوگ کہتے پھرتے ہیں کہ کمیٹی کے سامنے جھکنے نہیں جائینگے بستی والوں نے ان لوگوں پر سلام و کلام وغیرہ کے ساتھ مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے پر بھی پابندی لگا دی ہے حتی کہ جمعہ و عیدین کی نماز بھی ساتھ میں پڑھنے نہیں دیا جاتا تو سوال یہ ہے کہ ایسے لوگوں کو نماز کی جماعت میں شامل ہونے سے روکنا کیسا ہے؟بینوا تو جروا 
المستفتی:۔عبدالقادر
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکا تہ 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 

الجـــــواب بعون الملک الوہاب 
ثبوت زنا کے لئے چشم دید چار گواہوں  کا ہونا شرط ہے (جو گواہی کا مستحق ہو)تو اگر زنا ثابت ہوگیا تھا بعدہ بستی والوں نے بائیکاٹ کیا تو انکا بائیکاٹ کرنا درست ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے ’’وَ اِمَّا یُنْسِیَنَّکَ الشَّیْطٰنُ  فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ  الذِّکْرٰی  مَعَ الْقَوْمِ  الظّٰلِمِیْنَ‘‘ اور جو کہیں تجھے شیطان بھلادے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ۔(سورہ انعام ۶۸)
جب تک تو بہ استغفار نہ کرلیں بائیکاٹ رکھیں اور جو لوگ زانی کے ساتھ ہیں ان سبھوں کو بائیکاٹ کردیں بستی والوں پر کوئی گناہ نہیں ہاں اگرتوبہ استغفار کرلیں تو بعد توبہ کار خیر کرنے کے لئے کہیں مثلا مسجد میں جن چیزوں کی ضرورت ہو وہ لاکر دیں اور میلاد وغیرہ کریں اور غریبوں میں صدقات و خیرات کریں کہ اعمال صالحہ قبول توبہ میں معاون ہوتے ہیں جیسا کہ قرآن شریف میں ہے ’’اِلَّا مَنْ تَابَ وَ اٰمَنَ وَ عَمِلَ عَمَلًا صَالِحًا فَاُولٰٓئِکَ یُبَدِّلُ اللّٰہُ سَیِّاٰتِہِمْ  حَسَنٰتٍ  وَ کَانَ  اللّٰہُ  غَفُوْرًا  رَّحِیْمًا‘‘مگر جو توبہ کریاور ایمان لائے اور اچھا کام کرے تو ایسوں کی برائیوں کو اللہ بھلائیوں سے بدل دے گا اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(کنز الایمان ،سورہ فرقان۷۰)

بعد توبہ وکار خیر مل جل کر رہیں کہ اب بائیکاٹ کرنا جائز نہیں،اور اگر گواہ نہیں صرف تہمت ہے تو تہمت لگانے والے جھوٹے اور گناہ کبیرہ کے مرتکب ہیں اگر اسلامی حکومت ہوتی تو ایسوں کو اسی کوڑے لگواتی.
 ??اللہ تعالی ارشاد فرماتاہے ’’لَوْ لَا جَآئُوْ عَلَیْہِ  بِاَرْبَعَۃِ شُہَدَآئَ  فَاِذْ لَمْ یَاْتُوْا بِالشُّہَدَآئِ  فَاُولٰٓئِکَ عِنْدَ  اللّٰہِ   ہُمُ   الْکٰذِبُوْنِ‘‘اس پر چار گواہ کیوں نہ لائے، تو جب گواہ نہ لائے تو، وہی اللہ کے نزدیک جھوٹے ہیں۔(کنز الایمان ،سورہ نور ۱۳)
اللہ کی پناہ اس زمانہ میں زنا کاری بھی عام ہو چکی ہے اور تہمت بازی بھی عام ہو چکی ہے جب چاہا جس کے متعلق کہہ دیا یہ تو کہئے کہ اللہ تعالی کا فضل عظیم ہے ورنہ ہم عذاب الہی میں گرفتار ہوتے جیسا کہ خود رب کائنات ارشاد فرماتا ہے *وَ لَوْ لَا فَضْلُ اللّٰہِ عَلَیْکُمْ وَ رَحْمَتُہٗ فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَۃِ  لَمَسَّکُمْ فِیْ مَا اَفَضْتُمْ فِیْہِ  عَذَابٌ عَظِیْمٌ‘‘ اور اگر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت تم پر دنیا اور آخرت میں نہ ہوتی تو جس چرچے میں تم پڑے اس پر تمہیں بڑا عذاب پہنچتا۔(کنز الایمان سورہ نورآیت ۱۴)
افوس صد افسوس کہ آج کل کا عالم یہ ہے کہ بلا گواہ لوگ تہمت بھی لگاتے ہیں اور جس سے کہا جاتا ہے وہ بھی بلا تحقیق تسلیم کرلیتے ہیں حالانکہ انہیں چاہئے تھا کہ انکار کرتے اور کہتے کہ اے میرے بھائی اس طرح بلا تحقیق نہ کہو بلکہ اللہ سے ڈرو جیسا کہ رب کائنات کا حکم ہے ’’اِذْ تَلَقَّوْنَہٗ  بِاَلْسِنَتِکُمْ وَ تَقُوْلُوْنَ بِاَفْوَاہِکُمْ مَّا  لَیْسَ لَکُمْ  بِہٖ عِلْمٌ وَّ تَحْسَبُوْنَہٗ ہَیِّنًا ٭ وَّ ہُوَ عِنْدَ اللّٰہِ عَظِیْمٌ( ۱۵) وَ لَوْ لَاْ اِذْسَمِعْتُمُوْہُ  قُلْتُمْ مَّا یَکُوْنُ لَنَا  اَنْ  نَّتَکَلَّمَ  بِہٰذَا ٭سُبْحٰنَکَ ہٰذَا بُہْتَانٌ عَظِیْمٌ (۱۶) یَعِظُکُمُ اللّٰہُ اَنْ تَعُوْدُوْا لِمِثْلِہٖ  اَبَدًا اِنْ کُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ (۱۷)جب تم ایسی بات اپنی زبانوں پر ایک دوسرے سے سن کر لاتے تھے اور اپنے منہ سے وہ نکالتے تھے جس کا تمہیں علم نہیں اور اسے سہل سمجھتے تھے اور وہ اللہ کے نزدیک بڑی بات ہے اور کیوں نہ ہوا جب تم نے سنا تھا کہا ہوتا کہ ہمیں نہیں پہنچتا کہ ایسی بات کہیں الہٰی پاکی ہے تجھے یہ بڑا بہتان ہے، اللہ تمہیں نصیحت فرماتا ہے کہ اب کبھی ایسا نہ کہنا اگر ایمان رکھتے ہو۔(کنز الایمان سورہ نور آیت نمبر۱۵تا ۱۸ )
بعض لوگ ایک دوسرے کو بدنام کرنے کیلئے تہمت لگاتے رہتے ہیں انہیں اللہ کے عذاب سر ڈرنا چاہئے کیونکہ تہمت لگا نے پر دنیا و آخرت میں بہت سخت عذاب ہے جیسا کہ ارشاد ربانی ہے *اِنَّ الَّذِیْنَ یُحِبُّوْنَ اَنْ تَشِیْعَ الْفَاحِشَۃُ فِی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ  فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَۃِ ۔ وَ اللّٰہُ  یَعْلَمُ  وَ  اَنْتُمْ  لَا  تَعْلَمُوْنَ‘‘وہ لوگ جو چاہتے ہیں کہ مسلمانوں میں برا چرچا پھیلے ان کے لیے دردناک عذاب ہے دنیا اور آخرت میں اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔(کنزالایما ن سورہ نور ۱۹)

ہذا اگر گواہ نہیں ہیں بلکہ صرف تہمت ہے تو بستی والوں پرلازم ہے کہ بائیکاٹ ختم کرکے سچے دل سے توبہ استغفار کریں اور ان لوگوں سے معافی مانگیں جنکا بائیکاٹ کیا گیا ہےو اللہ تعا لی اعلم  

ازقلم 
فقیر تاج محمد قادری واحدی


    تعلیمات وارث انبیاء



Tags

एक टिप्पणी भेजें

0 टिप्पणियाँ
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.
एक टिप्पणी भेजें (0)
AD Banner
AD Banner AD Banner
To Top