{کیا عورت میکے میں قصر کرے گی؟}
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ لڑکی کی شادی کے بعد وہ اپنے مائکے آئی جو ۱۰۰؍ سو کلومیٹر دور ہے یہاں اس پر نماز قصر ہوگی یا پوری اگر وہ پندرہ دن سے کم روکتی ہے جواب دیکر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اجر عظیم کے مستحق ہوں۔
المستفتی:۔فقیر قادری محمد مشیر خان رضوی ساکن فیروزآباد یو پی انڈیا
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجـــــــــــــــــــــــــواب بعون الملک الوہاب
صورت مسئولہ میں عرض ہے کہ اگر عورت شادی کے بعد مکمل طریقے سے سسرال رہنے لگی تو میکے آنے کے بعد وہ نماز قصر ادا کرے گی جب تک پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت نہ کرلے اور اگر سسرال مکمل طریقے سے نہیں رہتی تھی عارضی طور پر جاتی تھی تو میکے آنے کے بعد پوری نماز پڑھے گی جیسا کہ علامہ صدرالشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں عورت بیاہ کر سسرال گئی اور یہیں رہنے سہنے لگے تو میکا اس کے لیے وطن اصلی نہ رہا یعنی اگر سسرال تین منزل پر ہے وہاں سے میکے آئی اور پندرہ دن ٹھہرنے کی نیت نہ کی تو قصر پڑھے اور اگر میکے رہنا نہیں چھوڑا بلکہ سسرال عارضی طور پر گئی تو میکے آتے ہی سفر ختم ہوگیا نماز پوری پڑھے۔(بہار شریعت ح۴)
واللہ اعلم بالصواب
ازقلم
فقیر تاج محمد قادری واحدی